ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں بین المذاہب اجلاس ؛نا انصافی کے خلاف نڈر ہوکر آواز بلند کریں : پولس کمشنر چندرشیکھرکا خطاب

منگلورو میں بین المذاہب اجلاس ؛نا انصافی کے خلاف نڈر ہوکر آواز بلند کریں : پولس کمشنر چندرشیکھرکا خطاب

Sun, 11 Sep 2016 19:01:43    S.O. News Service

مینگلور:۱۱/ستمبر (ایس او نیوز) معاشرے میں امن ، یک جہتی ، بھائی چارگی کی حفاظت کے لئے غلطیوں اور نا انصافیوں کے متعلق چوکس رہنا نہایت ضروری ہے، ہماری آنکھوں کے سامنے ہونے والی چھوٹی سی غلطی اور نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کی جرأت کریں۔ ان باتوں کی اپیل منگلورو شہریوں سے شہری پولس کمشنر ایم، چندرشیکھر نے کی۔ وہ یہاں 19 ہم خیال تنظیموں کے اشتراک سے ’’یونائٹیڈ فار بیٹرمنگلورو‘‘(منگلوروکی بہتری کے لئے اتحاد ) نامی موضوع پر منگلورو کے پور بھون میں منعقدہ پروگرام کی اختتامی تقریب میں خطاب کررہے تھے۔

پولس کمشنر نے بہت ہی صاف اورواضح اندازمیں کہا کہ بعض مواقعوں  پر حد سے بڑھی شرافت کام نہیں آتی ، چند ایک مرتبہ جب غٖلطیاں ہوتی ہیں تو شرافت کی وجہ سے ہم ایسا سوچتے ہیں کہ اس سے ہمارا کیا تعلق ، ہمیں اُس سے کیا ؟ اس طرح کی ذہنیت ہمیں خاموش کردیتی ہے، یہی رویہ معاشرے میں ناخوشگوار واقعات کی وجہ بنتی ہے۔ مگر موجودہ حالات میں شرافت کی نئی تشریح کی ضرورت ہے، جہاں کہیں بھی نا انصافی ہواس کے خلاف سینہ تان کر کھڑے ہونے کی جرأت پیدا کریں، جب ہمارامقصد صحیح ہے تو پھر کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، آج ایسی غلطیوں اور نا انصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے سوشیل میڈیا بہتر اورمعاون ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے منعقدہ پروگرام کے تعلق سے کہاکہ جب ہوپ فاؤنڈیشن اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے پروگرام کی مناسبت سے مجھ سے ملاقات کی تو میں نے شروع میں تھوڑی پس و پیش کی ۔ لیکن پھر سوچا کہ کیوں نہ ایک اچھے پروگرام کی حمایت کی جائے، یہی سوچ کرآگے بڑھا کہ جو ہوگا دیکھا جائے گا اور اسی ہمت کے ساتھ آج یہاں شرکت کر رہا ہوں۔ پروگرا م میں مختلف مذاہب کے نمائندوں نے منگلورو کی یک جہتی اور بھائی چارگی کے لئے اپنا پیغام پیش کیا۔

کیمارو مٹھ کے وٹھل داس سوامی جی نے کہا کہ دھرم کی حفاظت ہمیں نہیں کرنی ہے بلکہ دھرم ہماری حفاظت کرتاہے۔ چوکبیٹو محی الدین جمعہ مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز دارمی نے کہاکہ ہمارے منگلورو میں تین مسلم لڑکیوں کو ڈوبتے دیکھ کر ہندو لڑکوں نے اور دو ہندوبچوں غرق ہوتے دیکھ کر مسلم لڑکوں نے بچانےکی یک جہتی کی بہترین مثالیں ہونے کا خیال ظاہر کیا۔ جیپو سینٹ جوسف اے کے ڈائرکٹر ریورنڈ فاددر اونیل ڈیسوزا نے کہاکہ ترقی اور صفائی کے میدان میں منگلورو کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے، دھرم کے جشن میں عوام کو تکلیف نہ ہو اس تعلق سے ہمیں سوچنا چاہئے۔ منگلورو شہر کے نائب کمشنر سنجیو پاٹل نے سورتکل کے کاٹی پالیا میں گنیش اتسوا کے دوران مسلمانوں کی طرف سے شربت تقسیم کئے جانے کی مثال دیتے ہوئے بھائی چارگی کو عام کرنے کی اپیل کی۔ جین مفکر ایم کے نرمل کمار، منگلورو گرودوار کے بھائی پروین سنگھ، توکوٹو مسجد الہدیٰ کے خطیب محمد کوئیں، وجئے پورا اے آر ایف کے صدر مولانا بشیر احمد عمری ، کرناٹکا تھیالوجیکل کالج کے پرنسپال ہنی کبرال ، عمر یو ایچ وغیرہ نے موقع کی مناسبت سے خطاب کیا۔ بنٹھ عرف ناڈو سنگھ کے صدر اجیت کمار رائی نے استقبال کیا تو بھلوا طبقہ کے لیڈر ہری کرشنا بنٹوال نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ کمیٹی کے سیف سلطان نے بہتر منگلورو کے لئے اتحاد نامی ادارے کے وجود کی بنیاد اور اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ ڈائس پر ہم مفکر تنظیموں اور اداروں کے لیڈران موجود تھے۔ واسودیو بولور نے شکریہ اداکیا ، رفیق ماسٹر اور رضوان نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔


Share: